ہندوستان ایک جمہوری اور سیکولر ملک ہے، یہاں کسی بھی فرقے کی مذہبی تعلیم خود اس کی اپنی ذمہ داری ہے تاہم یہ بات افسوس کے ساتھ ہی نوٹ کی جائے گی کہ اس جمہوری اور سیکولر ملک میں اکثریت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سرکاری اسکولوں میں جو نصاب پڑھایا جاتا ہے اس میں پوری طرح ہندو ازم کی چھاپ صاف نظر آتی ہے۔ دیومالائی تصورات کو اہمیت کے ساتھ نصاب میں شامل کردیا گیا ہے ایسے حالات میں اپنے نوخیز بچوں کو غلط مذہبی تصورات و توہّمات سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ بچے کو اسکول کی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی ماحول اور دینی تعلیم بھی فراہم کی جائے، الحمدللہ جامعہ ہٰذا نے اس سلسلے میں پہل کرتے ہوئے شہر سہارنپور میں دینی ماحول میں عصری تعلیم کے ایک پرائمری اسکول کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز انشاء اللہ ۲۰۱۵ء کے تعلیمی سیشن جون ۲۰۱۵ء سے ہوجائے گا، ابتدائی تیاریاں پوری ہوچکی ہیں اور اس وقت تیاری کا آخری مرحلہ چل رہا ہے امید ہے کہ اعلان کے مطابق جون ۲۰۱۵ء سے اس اسکول کا آغاز ہوجائے گا۔